اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)واپڈا ٹاؤن اسلام آباد کے دیرینہ مالی اور انتظامی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امیدوار برائے صدر (انقلاب گروپ) واپڈا ٹاؤن اسلام آباد، ملک طارق حسین اعوان کی کوششوں سے واپڈا ٹاؤن کی گزشتہ 9 سال سے رکی ہوئی 48 لاکھ روپے کی خطیر رقم ریلیز ہو گئی ہے۔ یہ رقم AWT کے پاس پھنسی ہوئی تھی جس کی بحالی میں کرنل عامر سعید سعید (انچارج AWT سنگجانی) نے خصوصی تعاون فراہم کیا۔اس موقع پر ملک طارق حسین اعوان نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا ٹاؤن ان کا گھر ہے اور اس کے مسائل ان کے اپنے مسائل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ تاحال واپڈا ٹاؤن کی انتظامیہ کا حصہ نہیں ہیں، تاہم اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ان کے ذریعے واپڈا ٹاؤن کے دو بڑے مسائل حل کروائے ہیں۔ ان میں بلاک اے کی وہ مین روڈ بھی شامل ہے جو گاؤں کی طرف جاتی ہے اور مختلف وجوہات کی بنا پر گزشتہ 40 سال سے تعمیر نہ ہو سکی تھی۔
ملک طارق حسین اعوان نے مزید بتایا کہ ان کا اگلا ہدف نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے پاس گزشتہ 30 سال سے پھنسی ہوئی وہ کروڑوں روپے کی رقم ہے جو موٹر وے کی تعمیر کے دوران واپڈا ٹاؤن کی زمین استعمال ہونے کے باوجود تاحال ادا نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق یہ زمین موٹر وے کے اندر شامل ہو گئی تھی اور اس کی قیمت یا معاوضہ آج تک واپڈا ٹاؤن کو نہیں ملا انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے واپڈا ٹاؤن پر عائد 23 کروڑ روپے کے ٹیکس کے معاملے پر بھی وہ کام کر رہے ہیں اور انشاءاللہ جلد اس حوالے سے بھی خوشخبری سننے کو ملے گی آخر میں ملک طارق حسین اعوان نے کہا کہ ان کے اختیار میں صرف کوشش کرنا ہے اور وہ ممبران واپڈا ٹاؤن سے وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی کوشش میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل اختیار اللہ تعالیٰ کے پاس ہے اور اسی کے فضل کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں اہلِ علاقہ نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی واپڈا ٹاؤن کے دیگر دیرینہ مسائل اسی جذبے کے تحت حل کیے جائیں گے۔

