راولپنڈی (سٹی رپورٹر ) پوٹھوہار ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری نیشنل پریس کلب راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جہاں سیکرٹری نیشنل پریس کلب مس نیئر علی نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری عمران الیاس اور تنویر اسلم راجہ، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری انجینئر مبین صدیق، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب پیر سردار رضا محی الدین قادری اور چوہدری مدثر اقبال نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نیشنل پریس کلب مس نیئر علی نے کہا کہ نوجوان صحافیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحافت کے بنیادی اصولوں سچائی، غیرجانبداری اور دیانتداری کو ہر حال میں برقرار رکھیں، کیونکہ صحافت معاشرے کو درست سمت دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اس موقع پر چیئرمین پوٹھوہار ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن بابراورنگزیب چوہدری اور صدر صباء شاہین نے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نوجوان صحافیوں کی تربیت، ان کے حقوق کے تحفظ اور مثبت و ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی ایم پی اے چوہدری عمران الیاس نے کہا کہ صحافت ایک مشکل مگر باوقار شعبہ ہے اور نوجوان صحافیوں کو حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
ایم پی اے تنویر اسلم راجہ نے کہا کہ آزاد اور باوقار صحافت جمہوریت کے استحکام کی ضامن ہے اور اس میں نوجوان صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری انجینئر مبین صدیق نے کہا کہ صحافت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ ایک کڑا امتحان ہے، تاہم نوجوانوں کا اس شعبے میں آنا خوش آئند ہے سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب پیر سردار رضا محی الدین قادری نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور ذمہ دار صحافت ہی مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔
چوہدری مدثر اقبال نے کہا کہ نوجوان صحافی قلم کی حرمت کا خیال رکھیں اور صحافت کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنائیں۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عثمان ابرار اور مریم داؤد نے احسن انداز میں انجام دیے۔ آخر میں مہمانوں نے پوٹھوہار ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی تقریب میں اینکر حسن محمود صدیقی، ایاز اسلم، نجی چینل کی مارننگ شو ہوسٹ غزل اعوان، سینئر صحافی محمد بشیر راجہ، راجہ ناصر، ڈاکٹر جلیل ملک، مبشر نذیر، راشد سلطان، محمد اسحاق عباسی، اظہر حسین قاضی، انوار الحق مغل سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں جنرل سیکرٹری ثانیہ اعوان ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا.

