نیو ٹیک اسلام آباد کے 25 طلبہ PAFIIC پروگرام کے تحت فن لینڈ پہنچ گئے، عالمی تربیت مکمل کی

اسلام آباد(سٹی رپورٹر)نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیو ٹیک) کے شعبہ ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ کے 25 طلبہ پاکستان–فن لینڈ انٹرنیشنل انڈسٹریل کوآپریشن (PAFIIC) پروگرام کے تحت فن لینڈ روانہ ہو گئے۔ یہ دوسرے بیچ کی روانگی ہے جس میں طلبہ نے نو ماہ پر مشتمل کورس ورک اور عملی تربیت مکمل کی، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دی گئی تھی۔

طلبہ کی یہ کامیابی نیوٹیک کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تعلیمی معیار اور صنعت سے جڑے ہوئے ماڈل کی عکاسی کرتی ہے۔ فن لینڈ میں ان کی تقرری بین الاقوامی روزگار کے مواقع، تکنیکی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

نیو ٹیک کا یہ اقدام پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کو مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے، اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔