اسلام آباد (سٹی رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی فرانسیسی ادارہ برائے ترقی اے ایف ڈی (AFD) کے کنٹری ڈائریکٹر مارک انتونی (Marc Antoine) اور وفد سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن محمد عمیر، ڈی جی اسلام آباد واٹر اور متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی ملاقات میں اے ایف ڈی کے وفد کیساتھ پانی کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں پانی کی بہتری کیلئے منصوبوں میں تکنیکی معاونت کی راہیں تلاش کرنا تھا۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جدید اور پائیدار حل اپنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ان اقدامات میں پانی کے ضیاع کو روکنے، لائن لاسز کو ختم کرنے اور پانی کے استعمال اور بچت کیلئے متعدد اقدامات شامل ہیں ملاقات میں سملی واٹر فلٹریشن پلانٹ کی اپگریڈیشن اور بحالی کے منصوبے کو زیر غور لایا گیا۔ اسلام آباد میں پانی کی کمی اور بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سملی ڈیم سے مین کنڈکشن پائپ لائن پر کام کیا جائیگا۔
ملاقات میں سملی ڈیم میں پانی کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں توسیع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلہ میں اے ایف ڈی (AFD) مکمل طور پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر غور کریگا ملاقات میں شاہدرہ اور دوتارہ ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان اقدامات کی تکمیل سے اسلام آباد شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی اور ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔
اے ایف ڈی (AFD) کے وفد نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں اے ایف ڈی (AFD) صاف پانی کی فراہمی اور پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے تکنیکی تعاون فراہم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ایک جامع فزیبلٹی اسٹڈی کے تحت اسلام آباد میں پانی کے مختلف منصوبوں کا تکنیکی اور مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائیگا چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں پانی کی قلت، شہریوں کو محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے

