نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی فتح کی تقریب، شہداء کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد (سٹی رپورٹر )نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی فتح کو قومی جذبے، حب الوطنی اور یکجہتی کے ساتھ بھرپور انداز میں منایا گیا ،یہ تقریب پاکستان کی بہادر مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر وہی وقار، عزم اور حب الوطنی نمایاں تھی جو پاکستان کے قومی دنوں کی تقریبات کا خاصہ ہوتی ہے۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد آپریشن بنیان المرصوص پر مبنی ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ نُوٹیک لٹریری کلب کے طلبہ نے ولولہ انگیز تقاریر پیش کیں جبکہ میوزک کلب نے ملی نغموں اور خصوصی پرفارمنسز کے ذریعے قوم کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آپریشن کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی پروقار تقریب پر ہوا، جو قوم کے تاریخی کارنامے اور کامیابی پر اظہارِ تشکر، اتحاد، قربانی اور قومی فخر کی علامت تھی.