اسلام آباد میں ہائی رائز بلڈنگز کی ابتدائی سروے رپورٹ: 50 فیصد سے زائد عمارتوں میں فائر سیفٹی ناقص

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ہائی رائز عمارتوں کا ابتدائی سروے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد میں 500 سے زائد عمارتیں 15 میٹر سے بلند ہیں اور انہیں ہائی رائز بلڈنگز میں شمار کیا گیا ہے،
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی 50 فیصد سے زائد ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات جیسے فائر الارم، فائر اسٹنگیشور اور فائر ہوزریل مکمل نہیں پائے گئے۔ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سرکاری اور نجی عمارتوں میں بلڈنگ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی عام ہے۔

صرف بلیو ایریا کی ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا، جبکہ ریڈ زون کی متعدد عمارتوں میں بنیادی فائر سیفٹی آلات بھی موجود نہیں۔ فیڈرل سیکٹریٹ کے بلاکس میں فائر الارم اور دیگر آگ بجھانے والے آلات بالکل موجود نہیں ہیں،مزید برآں، کراچی کمپنی میں واقع ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی تقریباً نہ ہونے کے برابر پائی گئی، اور ایف الیون، ایف ٹین، جی تیرہ، جی چودہ اور گولڑہ موڑ میں بھی متعدد عمارتوں میں فائر سیفٹی کے اقدامات غیر مؤثر قرار دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ابتدائی سروے فائر سیفٹی کے شعبے میں موجود سنگین خامیوں کو اجاگر کرتا ہے اور فوری اقدامات کے بغیر شہریوں کی حفاظت کو خطرہ لاحق ہے۔