اسلام آباد سٹاف رپورٹر ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی منگل کے روز نیپال کی سفیر ریتا دھیتال سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے نیپالی سفیر ریتا دھیتا کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود سمیت دیگر سنئیر افسران بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مذید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک نیپال کیساتھ تعلقات کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ملاقات کے دوران نیپال کے سفیر نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور شہری پلاننگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور شہری ڈویلپمنٹ کے حوالے سے سی ڈی اے کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں گرین سپیسز اور وسیع پارکس کی وجہ سے شہر کا ماحول انتہائی پُرامن ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گرین کور کو برقرار رکھنے کیلئے ماسٹر پلان کے مطابق عمل کیا جاتا ہے ملاقات میں اسلام آباد اور کھٹمنڈو کو سسٹر سٹی قرار دینے کے منصوبے پر بھی بات چیت ہوئی۔ نیپالی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد اور کھٹمنڈو کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے کے حوالے سے ڈرافٹ معاہدے پر کام جاری ہے چیئرمین سی ڈی اے نے ڈپلومیٹک انکلیو میں نیپالی سفارتخانہ کیلئے مختص پلاٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نیپالی سفارتخانے سے متعلق تمام معاملات کو فوری حل کرنے کیلئے بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔

اسی طرح ملاقات میں ڈپلومیٹک انکلیو کی بیوٹیفکشن اور اپ لفٹنگ کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی خوبصورتی اور اپ لفٹنگ سی ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے نیپالی سفیر کو اگلے ماہ سے موسم بہار کی شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی خصوصی دعوت دی۔ ملاقات میں باہمی تعاون اور شہری سطح تک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا.

