اسلام آباد (سٹی رپورٹر)اسلام آباد راولپنڈی ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ایسوسی ایشن کے مطابق حالیہ سیکیورٹی خدشات اور اہم شاہراہوں و موٹرویز کی بندش کے باعث ڈیری سیکٹر شدید متاثر ہو رہا ہے۔ دیگر شہروں سے آنے والی جانوروں کی خوراک بشمول ونڈا، بوسہ اور سبز چارہ کی سپلائی معطل ہونے سے مویشی پال حضرات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مقامی سطح پر دودھ کی پیداوار پہلے ہی محدود ہونے کے باعث بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
دودھ کی ترسیل میں شدید خلل
ڈیری فارمرز اور دودھ فروشوں کو مالی نقصان
شہریوں کے لیے دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی قلت کا خدشہ
قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا امکان
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بحران شہریوں کے لیے ایک سنگین غذائی مسئلہ بن سکتا ہے۔
ڈیری سیکٹر کے لیے فوری خصوصی گرین چینلز قائم کیے جائیں
جانوروں کی خوراک اور دودھ کی ترسیل ایمرجنسی بنیادوں پر بحال کی جائے
ٹرانسپورٹرز اور فارمرز کو سیکیورٹی کلیئرنس کے ساتھ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے
متاثرہ فارمرز کے لیے ہنگامی ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے
ایسوسی ایشن نے حکومتِ پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ ایک بنیادی غذائی ضرورت ہے اور اس کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

