ٹی فائیو پاور پراجیکٹ کی تعمیر، دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ

ہری پور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) خیبر پختونخوا کے علاقے ہری پور میں ٹی فائیو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران تربیلہ ڈیم سے پانی کا اضافی اخراج کیا جائے گا، جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح معمول سے بلند ہونے کا امکان ہے ، اسسٹنٹ کمشنر غازی جنید آفتاب نے بتایا کہ آج تربیلہ ڈیم سے پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ نے ممکنہ اضافی پانی کے پیش نظر ڈیم کے کنارے آباد آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے اعلانات شروع کر دیے ہیں، شہریوں کو دریائے سندھ اور ڈیم کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ نے ڈیم میں کشتی رانی اور نہانے پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ مویشی پال افراد کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو دریا کے کناروں سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔