لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، صوبائی دارالحکومت سے جاری بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام اسی وژن کا عملی ثبوت ہے، جس کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ چار ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کے دوران ہر انٹرن کو حکومت پنجاب کی جانب سے ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا گیا ہے، صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن جاری ہے، جس کے ذریعے مزید گریجویٹس کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت حاصل کرنے اور روزگار کمانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت صرف لفظی جمع خرچ پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، نوجوانوں کو بااختیار اور معاشی طور پر خودمختار بنانا ہی ترقی کرتے پنجاب کا وژن ہے۔

