کراچی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم کے مطالبات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں کے مزے لوٹنے والے پہلے اپنے گھر کا قبلہ درست کریں، پھر استعفوں کی بات کریں ، سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی تا کشمور دھول نہیں بلکہ ایم کیو ایم کی اپنی سیاست کی پرانی گرد اڑ رہی ہے ، جو ماضی میں شہر کے ماسٹر پلان کے قاتل رہے.
وہ آج ترقیاتی منصوبوں پر لیکچر نہ دیں ، یونیورسٹی روڈ کا رونا رونے والے وفاقی وزراء بتائیں کہ انہوں نے کراچی کو کتنے ارب روپے دیے؟ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ نئے صوبوں کا راگ الاپنا ایم کیو ایم کے سیاسی دیوالیہ پن کی آخری قسط ہے، سندھ دھرتی کی تقسیم کے خواب دیکھنے والے خود درجنوں دھڑوں میں بٹ چکے ہیں۔
پیپلز پارٹی کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ایم کیو ایم اپنے ووٹ بینک کی فکر کرے ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ مصطفیٰ کمال کے دور کے 300 ارب روپے کا حساب آج تک کے ایم سی کی فائلوں میں غائب ہے، صبح شام پریس کانفرنسوں کا شوق پالنے والے اپنے حلقوں میں جا کر عوام کا سامنا کریں ، سعدیہ جاوید کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر اپوزیشن کا ڈرامہ رچانے کی پرانی فلم اب فلاپ ہو چکی ہے۔

