ماسکو (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کردیا، روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ انٹرنیشنل یوریشین فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ماسکو میں انٹرنیشنل یوریشین فلم ایوارڈز (ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز) کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے نامور فنکاروں اور فلمی شخصیات نے شرکت کی ، اس عالمی فلمی تقریب میں پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین کو بھی بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے اپنی شاندار اداکاری کی بدولت ایوارڈ حاصل کرلیا .
دنانیر مبین کو یہ اعزاز پاکستانی فلم میرا لیاری میں بہترین اداکاری پر دیا گیا ، فلم میں کراچی کے علاقے لیاری کی ثقافت، کھیلوں اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے ، اداکارہ کی اس کامیابی کو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے مداحوں کی جانب سے بھی مبارک باد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

