راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سکیورٹی فورسز نےضلع جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا پر بھارتی حمایت یافتہ ’’فتنہِ الخوارج ‘‘کاحملہ ناکام بنا کر دو فتنہ الخوارج کو ہلاک کر دیا۔پیر کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) سے جاری بیان کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا پر بھارتی حمایت یافتہ”فتنہِ الخوارج” سے وابستہ خوارج نے ایک گھنائونااور بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ کیا۔حملہ آوروں نے احاطے کا سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی تاہم ان کے مذموم عزائم سکیورٹی فورسز کی چوکنا اور پُرعزم کارروائی سے فوری طور پر ناکام بنادیئے گئے۔ مایوسی میں حملہ آوروں نے ایک بارو سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں مرکزی دروازہ منہدم ہوا اور آس پاس کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔سکیورٹی فورسز نےاپنی غیر متزلزل بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مؤثر جواب دے کر بھارتی حمایت یافتہ”فتنہِ الخوارج” سے وابستہ دو خوارج ہلاک کردیئے تاہم تین خوارج کالج کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب رہے جو کالج کے انتظامی بلاک میں محصور ہو گئے۔
بھارتی حمایت یافتہ”فتنہِ الخوارج” سے وابستہ یہ خوارج ایک بار پھر 2014 میں آرمی پبلک سکول پشاور پر کئے گئے سفاکانہ حملے جیسا عمل دہرانے کی کوشش کر رہے تھے، ان کا مقصد سابقہ قبائلی علاقوں کی نوجوان نسل میں خوف پیدا کرنا ہے جو اپنے گھر کے قریب معیاری تعلیم حاصل کر کے زندگی میں آگے بڑھ کر اپنے اپنے خاندانوں اور اپنی کمیونٹیز کے لئے بہتر مستقبل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔کالج کے اندر چھپے خوارج اپنے آقائوں اور ہینڈلرز سے افغانستان میں رابطے میں ہیں اور ہدایات وصول کر رہے ہیں۔ افغانستان میں موجود خوارج کی یہ واضح سازش افغان طالبان حکومت کے ان دعوؤں کے منافی ہے جن میں انہوں نے اپنی سرزمین پر ان گروپوں کی غیر موجودگی کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف مناسب اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔باقی ماندہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

