پاکستان یورپی یونین کے ساتھ جامع اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے. ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برسلز کے جاری دورے کے دوران نیٹو ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ نائب وزیراعظم اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے درمیان ملاقات میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول امن و سلامتی، دہشت گردی اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی جس کے بعد دونوں ممالک نے ہنگر یکم وظیفہ پروگرام 2026-2028 کے فریم ورک کے تحت تعاون سے متعلق مفاہمت نامے کی تجدید پر دستخط کیے۔ یہ پروگرام پاکستانی طلباءکو ہنگری میں اعلی تعلیم کے حصول کے لیے 400 وظائف کی پیشکش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم کا دورہ برسلز پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ ایک جامع اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔