گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے .وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئےہدایت کی ہے کہ 100میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سےصاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے،گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نےیہ ہدایت بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیربجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدےداران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں، گلگت بلتستان میں100میگا واٹ کے سولر پراجیکٹ پر فوری عمل درآمد شروع کیا جائے، 100میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سےصاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت بلتستان میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، بجلی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزرات توانائی کی سفارشات اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی پراجیکٹس پر وزارت توانائی مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی

ملکی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں ترقی کو یقینی طور پر بڑھانے کا سبب بنے گی، صنعتوں اور سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں قائم کردہ صنعتوں کے لئے بجلی کی فراہمی کو علاقائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر سہولیات سے گوادر کی بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی۔اجلاس میں وزیراعظم کو وفاقی وزیرپاورڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے پاور سیکٹر میں جاری منصوبوں پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ گوادر میں وزارت توانائی کی طرف سے فوری اقدامات کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل کو 42 فیصد پہلے ہی کم کیا جا چکا ہے، بجلی کی فراہمی میں تعطل ختم کرنے کے بعد آئندہ6ماہ میں گوادر میں فراہم کردہ بجلی کی وولٹیج کو مستحکم کرنے کے لیے بھی جامع پلان ترتیب دیا جا چکا ہے ،گوادر میں گھریلو اور کاروباری صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موثر اور مفید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں

قلیل مدتی پراجیکٹس میں آئندہ 8 سے 12 ماہ میں بڑے سرکاری اداروں میں 9.7 میگا واٹ کی سولر کپیسٹی نصب کی جائے گی، گوادرکے طویل مدتی پراجیکٹس میں 40 میگا واٹ کا منصوبہ مستحکم بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے نصب کیا جائے گا، گوادر میں جاری صنعتی اور معاشی ترقی، گوادر کی بندرگاہ اور شہری علاقوں میں توسیع کے باعث آئندہ سالوں میں بجلی کی طلب میں 30 فیصد اضافے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں100میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں 18 میگا واٹ چھتوں پر سولر پروگرام اور 82 میگا واٹ یوٹیلٹی سکیل سولر پر مشتمل ہے، گلگت بلتستان میں چھتوں اور یوٹیلٹی سطح پر سولر پراجیکٹ کو 2027 تک مکمل کیا جا ئے گا،گلگت بلتستان کی حکومت اور وزارت توانائی کے مشترکہ پراجیکٹس سے حکومت کو سالانہ ایک ارب روپے کی بچت ہوگی ،حکومت گلگت بلتستان بجلی کے منصوبوں کے لیے زمین، مواصلات، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی مقررہ وقت میں یقینی بنائے گی۔