اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی روابط سمیت دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم اور زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے ترکمانستان کو کراچی اور گوادر کی بندر گاہوں کے ذریعے اپنی رسائی کو بڑھانے کی پیشکش کی ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دوطرفہ ملاقات ہوئی وزیراعظم نے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 ویں سالگرہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2025ء کو امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے پر ترکمان صدر کو مبارکباد دی۔ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے رواں برس کے آغاز پر ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کے لیے تعاون پر ترکمانستان کی قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا جغرافیہ مثالی ہے جسے ترکمانستان جنوبی ایشیا اور اس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے بروئے کار لا سکتا ہے پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ترکمانستان کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما گربنگولی بردی محمدوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما اور صدر سردار بردی محمدوف کو آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورے کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔ ترکمانستان کے صدر نے وزیر اعظم کے دورے اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم امن اور اعتماد کے عالمی سال (2025)، غیر جانبداری کے بین الاقوامی دن اور ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی فورم میں شرکت کے لیے ترکمانستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

