اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ، یہ فنڈنگ پاکستان پبلک ریسورسز فار اِنکلوژِو ڈویلپمنٹ ملٹی فیز پروگراممیٹک اپروچ (پی آر آئی ڈی۔ ایم پی اے)کے تحت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد معاشی استحکام اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی آر آئی ڈی۔ ایم پی اے ایک جدید قومی پروگرام ہے جو وفاقی اور صوبائی سطح پر اصلاحات کی معاونت کرے گا تاکہ داخلی محصولات میں اضافہ، اخراجات کے معیار میں بہتری اور ڈیٹا و ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے خدمات کی مؤثر ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔
یہ پروگرام جاری مالی اصلاحات کی تکمیل کے لیے ترتیب دیا گیا ہے اور آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف ) پروگرام اور نیشنل فسکل پیکٹ سے ہم آہنگ ہے۔ مجموعی طور پر اس ایم پی اے کے تحت 1.35 ارب ڈالر تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔اس میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی پروگراموں جبکہ 100 ملین ڈالر خصوصی طور پر سندھ کے صوبائی پروگرام کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔ پروگرام کا نتائج پر مبنی ڈیزائن اس امر کو یقینی بناتا ہے کہ رقوم صرف اسی وقت جاری ہوں گی جب مقررہ اہداف حاصل ہوں۔

