پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے دور کا اسلام آباد میں انعقاد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری یورپ عائشہ علی نے کی جبکہ بیلجیئم کے وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل برگٹ سٹیونز نے کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت کے شعبہ اور عوام سے عوام کے روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری یورپ نے پاکستان کےلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی مسلسل حمایت پر بیلجیئم کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ علاقائی اور عالمی امور جو باہمی دلچسپی کے حامل ہیں، پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ بیلجیئم کے وفد نے سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ فریقین نے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت کے اگلے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا جو 2027ء میں برسلز میں منعقد ہوگا۔