Punjab CM Maryam Nawaz Capitalnewspoint.com

پنجاب میں سفارش کا دور ختم، ظالم کتنا ہی امیر ہو قانون سے نہیں بچ سکتا . مریم نواز

منڈی بہاء الدین (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سفارش کا زمانہ چلا گیا، ظالم کتنا ہی امیر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ، منڈی بہاء الدین کی یونیورسٹی آف رسول میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کوئی امیر زادہ یا اثر رسوخ رکھنے والا عوام پر ہاتھ اٹھائے گا تو قانون اس کو نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو تکلیف پہنچانے والوں کو میرا پیغام ہے کہ جرم کی دنیا چھوڑدو ورنہ مجھ سے کوئی شکوہ نہ کرنا، لوگ عدالت سے ضمانت لیکر آجاتے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملوں گی کہ کم از کم مجرم کو اتنی سزا تو دیں کہ کل وہ باہر نکلے تو شرمندگی محسوس کرے، پٹرول پمپ پر تشدد کرنے والے ملزم کو اگلے ہی دن عدالت سے ضمانت مل گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سکالر شپ اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کسی کو میرٹ کیخلاف کوئی چیز ملی ہو، پنجاب میں ہر تالا ایک ہی چابی سے کھلتا ہے جس کا نام ہے سو فیصد میرٹ، کوئی مجرم چاہے میری جماعت سے ہی کیوں نہ ہو اس کو نہیں چھوڑوں گی، پنجاب اب مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، امن و امان کی صورتحال پر بچیوں کو حوصلہ ملا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے کا واقعہ میری آنکھوں سے نہیں جاتا، بائیک سوار خاتون پر تشدد کے معاملے پر بچی کو کہا جتنے تھپڑ اس نے تمہیں مارے تم بھی اتنے ہی مارو، پٹرول پمپ والے واقعے میں بھی ایسا ہی کیا ، ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو لیپ ٹائپ، الیکٹرک بس، کروم بک اور سکالر شپ سب دیں گے، میرا بس نہیں چلتا کہ بچوں کو چاند اور ستارے لا کر دے دوں بدلے میں مجھے صرف ایک چیز چاہئے کہ آپ پاکستان سے وفا کریں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ضلع منڈی بہاؤالدین میں کالجز اور جامعات کے طلبا و طالبات میں ہونہار سکالر شپ کے چیک اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے، منڈی بہاوالدین پہنچنے پر جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا، شہریوں نے مریم نواز کی گاڑی پر پھول نچھاور کئے اور خوشی سے ناچتے رہے۔