اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اس کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جس کے بعد قیدیوں کو نئی جیل میں منتقل کرنے کا عمل شروع ہوگا ، محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کے منصوبے میں خصوصی دلچسپی لی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ مکمل ہو گیا ہے اور اب اس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افتتاح کے بعد قیدیوں کو اس جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ممکنہ منتقلی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ جو قیدی اسلام آباد کا ہوگا، اسے اس جیل میں منتقل کیا جائے گا ، محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کے افتتاح اور قیدیوں کی منتقلی کے مراحل آگے بڑھائے جائیں گے۔

