District and Session Court Islamabad Capitalnewspoint.com

اسلام آباد غیر قانونی گردہ پیوندکاری کیس، چار ملزمان کا مزید 2 روزہ ریمانڈ منظور

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے کیس میں عدالت نے پہلے سے گرفتار چار ملزمان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے گئے ایک نئے ملزم کو بھی 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

ایف آئی اے نے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا، سماعت کے دوران تفتیشی ادارے نے کیس میں مزید ایک ملزم کی گرفتاری سے عدالت کو آگاہ کیا اور نئے گرفتار ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نئے ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

اس سے قبل ایف آئی اے نے پہلے سے گرفتار چار ملزمان کے مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی، تاہم عدالت نے چاروں ملزمان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ، عدالتی حکم کے مطابق جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔