پٹرولیم لیوی ختم کریں، عوام کو ریلیف دیں، حکومت کو 10 روز کی مہلت .حافظ نعیم

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے مزید 7 سے 10 روز کی مہلت دے رہے ہیں۔

وزیراعظم کے ساتھ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف عوام کا مقدمہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے سامنے پیش کیا ہے، اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پورے پاکستان میں یہ پیغام دیا ہے کہ عوام کے حقیقی مسائل پر بھی تحریک چلائی جا سکتی ہے۔

امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں اور لانگ مارچ کا اعلان بھی برقرار ہے، حکومت کو دوٹوک انداز میں بتایا ہے کہ پٹرولیم لیوی عوام پر بھتہ ٹیکس کے مترادف ہے اور حکومت آسان پیسہ حاصل کرنے کے لیے مختلف ٹیکس عائد کر دیتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کا مؤقف تھا کہ اگر پٹرولیم لیوی ختم کر دی گئی تو قومی خزانہ خالی ہو جائے گا، تاہم جماعت اسلامی اپنے مطالبے پر قائم ہے کہ لیوی کا خاتمہ کیا جائے، حکومت مزید وقت لینا چاہتی تھی، لیکن جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ عوام کے لیے ابتدائی ریلیف کا اعلان کیا جائے۔

اُنہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے 8 سے 10 روز میں تکنیکی کمیٹیوں کے ذریعے معاملے پر پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے، عوام کو ریلیف ضرور دیا جائے گا، اس لیے اب ریلیف نہ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار لچک دکھانا چاہتی ہے، جبکہ جماعت اسلامی فوری نتائج کی خواہاں ہے، حکومت کی جانب سے لیوی کے معاملے میں مالی وسائل اور ریلیف کے مختلف پہلوؤں پر بات کی گئی، لیکن جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا صحافیوں کے سوالات کے جواب میں حافظ نعیم الرحمٰن سے پٹرولیم لیوی میں 25 سے 30 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز کے بارے میں بھی پوچھا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس تجاویز تو ہوتی ہیں، تاہم جماعت اسلامی اپنے بنیادی مطالبے پر قائم ہے۔