اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اپوسٹل اسٹیکرز اسکینڈل میں 7 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں، جسٹس ارباب محمد طاہر نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی درخواستیں خارج کر دیں ، ملزمان میں راجہ سعید خان، سمیع اللہ، فاران اشفا، نجیب اللہ، اظہر اللہ، وقار زمان اور رفیع اللہ شامل ہیں ، ملزمان نے اسکینڈل میں ضمانت کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد میں قائم کنسلٹنسی اور کورئیر دفاتر کے خلاف کارروائیاں کی تھیں، جن کے دوران جعلی اپوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہروں اور دستاویزات کی تیاری، ترسیل اور استعمال سے متعلق مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا تھا ، کیس میں شہریوں سے دستاویزات کی تصدیق کے نام پر رقوم وصول کرنے اور وزارت خارجہ کے بعض اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت دینے کے الزامات بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے نے کارروائیوں کے دوران مختلف دفاتر سے ملازمین کو گرفتار کیا تھا ، ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے بعض ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں تقریباً 30 ہزار روپے تھیں، جبکہ اسکینڈل میں وزارت خارجہ کے بعض افسران اور مبینہ مرکزی کرداروں کے ممکنہ تعلق کی بھی تحقیقات کی ضرورت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایف آئی اے کی کارروائیوں کے باوجود وزارت خارجہ کے مبینہ بڑے نیٹ ورک اور سید عالم سمیت بعض مرکزی کرداروں کے خلاف گرفتاریوں اور تحقیقات کے حوالے سے مزید پیش رفت سامنے نہیں آئی ، تاہم ان دعوؤں اور مبینہ کرداروں سے متعلق الزامات کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے.
اس کیس میں جعلی اپوسٹل اسٹیکرز اور سرکاری دستاویزات کے مبینہ کاروبار، شہریوں سے رقوم وصول کرنے اور سرکاری اہلکاروں کو رشوت دینے کے الزامات کی تحقیقات اہمیت اختیار کر گئی ہیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سات ملزمان کی ضمانتیں مسترد کیے جانے کے بعد کیس کی آئندہ کارروائی اور ایف آئی اے کی مزید تحقیقات پر توجہ مرکوز رہے گی۔
دوسری جانب وزارت اطلاعات و نشریات میں گریڈ 20 کے افسر شفقت عباس کو ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ تعینات کر دیا گیا ہے ، وزارت نے ان کی تقرری اور تبادلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، شفقت عباس اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز، ریجنل انفارمیشن آفس لاہور میں تعینات تھے، انہیں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور سے اسلام آباد تبدیل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شفقت عباس کی تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور وہ تاحکم ثانی اس عہدے پر فرائض انجام دیں گے ، انہوں نے عاشق حسین شیخ کی جگہ ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ کی ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں۔

