اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں اہم بیٹھک، پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں پیپلز پارٹی اور حکومتی وفود کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ، وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے نئے بلز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد میں شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز چوہدری شامل تھے، جبکہ حکومتی وفد کی نمائندگی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کی ، ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے نئے بلز اور دیگر سیاسی امور سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب ملاقات میں پارلیمانی امور پر مشاورت کے ساتھ ساتھ باہمی معاملات کو افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد سیاسی معاملات پر مشاورت، پارلیمانی امور میں ہم آہنگی اور نئے بلز سے متعلق تحفظات پر گفتگو کرنا تھا ، تاہم ملاقات کے نتیجے میں کسی حتمی فیصلے یا باضابطہ معاہدے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔