جہلم (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اٹلی سے تعلق رکھنے والی نوجوان لڑکی جیسمین اسلام قبول کرنے کے بعد پاکستانی نوجوان سے شادی کے لیے جہلم پہنچ گئی، سوشل میڈیا سے شروع ہونے والی دوستی محبت میں بدل گئی، جس کے بعد اطالوی لڑکی نے پاکستان آکر حیدر سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کی رہائشی جیسمین کی جہلم کے نوجوان حیدر سے دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی ، دونوں کے درمیان رابطے کا سلسلہ وقت کے ساتھ مضبوط ہوتا گیا اور دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق جیسمین نے حیدر سے شادی کا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام قبول کیا اور پاکستان پہنچ گئی ، دونوں شادی کے قانونی مراحل مکمل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس جہلم بھی پہنچے، جہاں شادی سے متعلق ضروری کارروائی کے حوالے سے پیش رفت کی گئی۔
مزید اطلاعات کے مطابق پاکستانی نوجوان حیدر جہلم کے ایک پراپرٹی آفس میں بطور آفس بوائے کام کرتا ہے ، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس کہانی نے لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے، جہاں دوستی سے شروع ہونے والے تعلق کے شادی تک پہنچنے کے سفر کو دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔

