نارووال (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، انتظامی نظام کو عوامی ضروریات اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق تبدیل کرنا ہوگا ، اپنے آبائی حلقے نارووال میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 50 سال پرانے انتظامی نظام سے چمٹے رہنا درست نہیں، کیونکہ اس دوران ملک کی آبادی، وسائل اور عالمی حالات میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں کے مطابق انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ضروری ہے، اصلاحات ایک مسلسل عمل ہے، اسے کسی صورت روکنا نہیں چاہیے ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو وسیع تر قومی مفاد میں مل بیٹھ کر معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے، قومی مکالمے کے ذریعے انتظامی اصلاحات کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، قانون کی بالادستی ہی ترقی کی ضمانت ہے ، اُن کا مزید کہنا تھا کہ وکلا برادری جمہوریت کا مضبوط ستون ہے جو عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، بار اور بینچ کے درمیان تعاون سے انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔

