پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سرکاری اداروں کو خودکفیل بنانے کیلئے مؤثر نظام لانا چاہتے ہیں ، فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر قانون و محنت عامر جاوید، سیکرٹری محکمہ محنت عبدالباسط سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو ریگی للمہ پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام محنت کشوں کے لیے تعمیر کیے گئے رہائشی فلیٹس، یونٹ وائز الاٹمنٹ کے طریقہ کار اور فلیٹس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام رہائشی فلیٹس کی الاٹمنٹ میں شفافیت یقینی بنانے، غیر قانونی الاٹمنٹ اور فلیٹس کرائے پر دینے کے خلاف سخت کارروائی کرنے جبکہ محنت کشوں اور ان کے بچوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر نے ہدایت کی کہ رہائشی فلیٹس صرف حقیقی اور مستحق محنت کشوں کو الاٹ کیے جائیں جبکہ غیر قانونی الاٹمنٹ اور فلیٹس کو کرائے پر دینے کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ، فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی رہائشی سہولیات کا بنیادی مقصد محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچانا ہے، اس لیے الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام سکولوں، دستیاب اراضی اور جاری و مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا ، اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ محنت کشوں کے بچوں کے لیے قائم سکولوں میں فرنیچر، آئی ٹی لیبز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
گورنر خبیر پختونخوا نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہائشی سکولوں اور فلیٹس میں نصب ٹیوب ویلز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ متبادل توانائی کے ذرائع سے استفادہ کرتے ہوئے اخراجات میں کمی اور سہولیات کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے ، اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر انتظام سکولوں کو مؤثر اور بہتر انداز میں چلانے کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا نظام متعارف کرانا ہے جس کے تحت سرکاری ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنے اخراجات خود پورے کرنے کی صلاحیت حاصل کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جلوزئی نوشہرہ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی دستیاب اراضی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) موڈ کے تحت بروئے کار لانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ان اثاثوں سے مؤثر استفادہ کیا جا سکے اور ادارے کے وسائل میں اضافہ ہو ، اجلاس کے دوران گورنر کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کی رہائشی کالونیوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی تجاوزات کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے ، اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہائشی منصوبوں، تعلیمی اداروں کی بہتری، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور محنت کش طبقے کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

