اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور نئی قانون سازی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آئندہ قانون سازی میں اپوزیشن جماعتوں کے کردار، پارلیمانی تعاون اور حکومت و اتحادی جماعتوں کے تعلقات پر بھی مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق ملکی استحکام، معیشت کی صورتحال اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نیر حسین بخاری، ہمایوں خان اور جمیل سومرو شریک تھے، جبکہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے مولانا اسعد محمود اور مفتی ابرار نے شرکت کی ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے سیاسی معاملات میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کیے بغیر مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئی۔

