راولپنڈی (کرائم رپورٹر )شہر میں ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (CTO) فرحان اسلم کے مطابق جدید ٹیکنالوجی قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی میں مددگار ثابت ہو رہی ہے ابتدائی طور پر ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال رش اور گنجان علاقوں میں کیا جائے گا، جہاں ٹریفک کی نگرانی میں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ڈرون کی نشاندہی پر ٹریفک وارڈنز فوری کارروائی کریں گے۔
سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ کم عمر ڈرائیونگ، ہیلمٹ نہ پہننا، اور ون وے کی خلاف ورزی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے نتیجے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین میں ترامیم شہریوں کے تحفظ کے لیے کی گئی ہیں اور قانون پسند و مہذب شہری چالانوں سے محفوظ ہیں۔ ٹریفک پولیس کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے، اور حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

