ڈی جی ایف آئی اے کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن سروسز بہتر بنانے کی ہدایات

لاہور (بیورو رپورٹ)ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور ڈیپارچر لاؤنج میں امیگریشن اور ڈیپارچر کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے امیگریشن کو مسافروں کی سہولت کے لیے سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں اور آف لوڈنگ کے معاملات میں شفافیت اور میرٹ پر مبنی کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ دورانِ امیگریشن مسافروں کو آسانی فراہم کی جائے اور غیر ضروری تاخیر ہرگز نہ کی جائے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے عملے سے گفتگو میں مسافروں کے مسائل فوری حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ بہترین امیگریشن سروس فراہم کرنا ایف آئی اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز پر اسٹاف کی کارکردگی اور نظم و ضبط کا بھی معائنہ کیا اور غیر قانونی امیگریشن اور جعلی دستاویزات کے حامل عناصر کی روک تھام کے لیے سخت اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت دی۔