اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان نے سری لنکا کو حالیہ طوفان سے ہونے والے نقصان سے بحالی کے عمل میں مرحلہ وار اور مسلسل امداد فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا ہے۔ یہ یقین دہانی وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے سری لنکا کے ڈپٹی اسپیکر محمّد رسوی سلی اور وزیر ٹرانسپورٹ بمل رتھنایک سے علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کرائی۔جنید چوہدری نے کہا کہ پاکستان فوری ریلیف، طویل المدتی بحالی و تعمیر نو، اور مستقبل کے انفراسٹرکچر منصوبوں سمیت مختلف مراحل میں تعاون جاری رکھے گا تاکہ سری لنکا کو مضبوط اور پائیدار انداز میں دوبارہ تعمیر کرنے میں مدد دی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مدد ایک وقتی اقدام نہیں بلکہ قریبی دوست کے ساتھ بحران کے وقت کھڑا رہنے کی مسلسل علاقائی ذمہ داری ہے۔وزیر نے وزیراعظم پاکستان کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ اسلام آباد سری لنکا میں انسانی اور مادی نقصان کے حجم کے حوالے سے گہری تشویش رکھتا ہے۔ پاکستان اس صورتحال میں ریلیف کے اقدامات میں پوری طرح شامل ہے، اور پاکستان نیوی متاثرہ علاقوں میں فعال طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

سری لنکا کی قیادت نے پاکستان کی بروقت مدد اور عملی تعاون کی تعریف کی۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون، خاص طور پر بحری امور میں ہم آہنگی، آفات سے نمٹنے کے طریقہ کار، اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی مضبوطی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جنید انور چوہدری نے کہا کہ دونوں فریقین نے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آفات کے پیش نظر علاقائی تیاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر نے مزید کہا، “پاکستان سری لنکا کو نہ صرف طویل مدتی دوست بلکہ اہم علاقائی شراکت دار سمجھتا ہے اور متاثرہ کمیونٹیز کے لیے معمول کی زندگی بحال کرنے تک ہر مرحلے میں مدد جاری رکھے گا۔”

