Meta کی وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ وفدِ خواجہ سے ملاقات ڈیجیٹل سیکیورٹی، پالیسی تعاون اور صارفین کے تحفظ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )Meta کا ایک اعلیٰ سطحی وفد وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سے اسلام آباد میں ملا، جہاں پاکستان میں ڈیجیٹل سیکیورٹی، ذمہ دار ٹیکنالوجی گورننس اور صارفین کے تحفظ کے لیے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد میں دانیہ مختار (ہیڈ آف پبلک پالیسی Meta، پاکستان)، شی اِنگ تے (لیڈ کاؤنسل، پاکستان و ساؤتھ/سنٹرل ایشیا Meta)، نور بانو (ریگولیٹری کمپلائنس، Meta)،
میلوڈی گوہ (ریگولیٹری اسکیلیشنز، Meta)، سحر طارق (کانٹینٹ پالیسی ڈیولپمنٹ، Meta) اور ربیکا اوہ (واٹس ایپ پالیسی، Meta) شامل تھیں۔

ملاقات میں آن لائن سیفٹی فریم ورکس کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی، خصوصاً خواتین، بچوں اور مختلف طبقات کے تحفظ کے لیے درکار اقدامات پر بات ہوئی۔ دونوں فریقین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہونے والے آن لائن فراڈ روکنے کے لیے بہتر رپورٹنگ نظام، حفاظتی پروٹوکولز اور ڈیجیٹل لٹریسی کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا، تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے حکومتِ پاکستان کے محفوظ، جامع اور شہری مرکوز ڈیجیٹل ایکوسسٹم کے ویژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل گورننس میں جاری اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت عالمی ٹیکنالوجی شراکت داروں، بالخصوص Meta، کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی تاکہ پاکستان میں ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور اختراع پر مبنی ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دیا جا سکے