پشاور (بیورو رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خیبرپختونخوا سکوائش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری منصور زمان نے اپنے صاحبزادوں اور کم عمر سکوائش کھلاڑیوں محمد ریان زمان اور عبد اللہ زمان کے ہمراہ گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ملاقات میں کھلاڑیوں نےگورنر خیبرپختونخوا سپورٹس ایوارڈز کے انعقاد پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ان کی اور دیگر کھلاڑیوں کی سپورٹس کامیابیوں کو اس سطح پر باضابطہ طور پر سراہا گیا۔انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کی ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی نہ صرف نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ خیبرپختونخوا کے مثبت اور نرم تشخص کو بھی اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کا فروغ اور نوجوانوں کی سرپرستی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

