اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی ڈائریکٹر جنرل لیا گوتریرز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ریلوے کے اہم منصوبے مین لائن ون (ML-1) کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ML-1 پاکستان ریلوے کی مرکزی شریان ہے جو ملک میں 80 فیصد مسافر اور 90 فیصد فریٹ ٹریفک کو سہولت فراہم کرتی ہے۔ موجودہ انفراسٹرکچر کی خستہ حالت کے باعث ML-1 کی فوری اپ گریڈیشن کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ML-1 منصوبے کو قومی معیشت کے لیے کلیدی حیثیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ریلوے نظام جدید ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا ، ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر جنرل نے ML-1 منصوبے میں تعاون اور اس کی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے ML-1 کراچی تا روہڑی منصوبے کے گراؤنڈ بریکنگ کی تقریب جولائی 2026 میں کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

