قومی سیرت النبی ﷺ مقابلہ جات 2026ء کے لیے موضوع کے انتخاب کے لیے مشاورتی اجلاس

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں منگل کے روز معروف سکالرز پر مشتمل ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کا مقصد آئندہ قومی سیرت النبی ﷺ مقابلہ جات 2026ء/1448ھ کے موضوعات کا تعین کرنا تھا۔ شرکاء نے دورِ حاضر کے مسائل کے تناظر میں سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنے اور اس کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کی رہنمائی پر مبنی متعدد موضوعات پر بحث کی۔اجلاس میں مقالہ نویسی میں AI کے استعمال کی اجازت یا انسداد پر بھی بحث کی گئی۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر اکرام الحق یاسین نے کی جبکہ دیگر اراکین میں ڈاکٹر حافظ محمد سجاد علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی، ڈاکٹر محمد علی اسلامی یونیورسٹی، نور سلم شاہ،سید مشاہد حسین خالد، ، ڈائریکٹر مذہبی امور سجاد حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد خلیق اور ڈپٹی ڈائریکٹر اقصی مختار شامل تھے۔

اجلاس کی ضمنی کمیٹی نے کتب ومقالات سیرت کی تیاری میں AI کے استعمال سے متعلق ضابطہ اخلاق بھی تجویز کیا واضح رہے کہ وزارت آئندہ سال 2026ء میں 51 واں مقابلہ سیرت مقالہ جات کا انعقاد کرے گی۔ اجلاس کے نتیجے میں منتخب ہونے والے موضوع پر مرد و خواتین سکالرز کو مقابلہ مقالاتِ سیرت میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی ۔ بہترین مقالہ نویسوں کو آئندہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے موقع پر انعامات اور تعریفی اسناد پیش کی جائیں گی اور بہترین مقالہ جات کی کتابی شکل میں اشاعت کی جائے گی.