اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) UN-Habitat کی ایشیا و پیسفک کی ریجنل ڈائریکٹر، محترمہ کازوکو اشیگاکی نے وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کی وفاقی وزیر نے ریجنل ڈائریکٹر کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں ہاؤسنگ اور پائیدار شہری ترقی کے شعبوں میں اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹاٹ کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اس وقت شدید ہاؤسنگ بحران کا سامنا کر رہا ہے اور حکومت جامع پالیسی اصلاحات اور ہاؤسنگ اقدامات کے ذریعے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے بالخصوص قومی ہاؤسنگ پالیسی 2025 کی تیاری میں یو این ہیبی ٹاٹ کی قیمتی تکنیکی معاونت اور سیلاب کے بعد بحالی کی کوششوں میں تعاون کو سراہا، خصوصاً شہری، اراضی اور ہاؤسنگ پالیسیوں اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے حوالے سے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ پالیسی کی تشکیل اہم ہے، تاہم مؤثر عملدرآمد ہی ٹھوس نتائج کے حصول کی کلید ہے، محترمہ کازوکو اشیگاکی نے پائیدار، جامع اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ شہری ترقی کے لیے اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور مؤثر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ UN-Habitat اسٹریٹجک پلان 2026–2029 پر عملدرآمد اولین ترجیح ہے، جس میں ہاؤسنگ کو کمیونٹی اور قومی ترقی کی بنیادی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی لحاظ سے محفوظ اور کم لاگت ہاؤسنگ اقدامات کے فروغ کے لیے وسائل کی فراہمی سمیت تکنیکی اور پالیسی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، سیکرٹری، وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات، کیپٹن (ر) محمد محمود نے ریجنل ڈائریکٹر کو آگاہ کیا کہ قومی ہاؤسنگ پالیسی منظوری کے آخری مراحل میں ہے، اور حکومت ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے شعبوں میں ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے گرین بلڈنگ معیارات اور ترغیبی فریم ورک پر خصوصی توجہ دے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسینٹیو افادیت اور پائیداری کے خلا کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، محترمہ اشیگاکی نے اس حکومتی نقطۂ نظر کا خیرمقدم کیا اور گرین بلڈنگ اقدامات کے لیے اقوامِ متحدہ ہیبی ٹاٹ کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی، یہ بتاتے ہوئے کہ ادارہ گزشتہ ایک دہائی سے روایتی تعمیراتی طریقوں کے ماحولیاتی اثرات کم کرنے کے لیے پائیدار تعمیرات کے فروغ پر کام کر رہا ہے، انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ لچکدار، کم لاگت اور مناسب سہولیات سے آراستہ مربوط ہاؤسنگ کو فروغ دیا جا سکے۔
اس ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ) اور مسٹر جواد علی خان، سینئر ایڈوائزر، اقوامِ متحدہ ہیبی ٹاٹ نے شرکت کی، جو محترمہ اشیگاکی کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے اختتام پر محترمہ اشیگاکی نے وفاقی وزیر کو اقوامِ متحدہ کے ورلڈ اربن فورم میں شرکت کی دعوت دی، جو مئی 2026 میں آذربائیجان میں منعقد ہوگا، دونوں فریقین نے پائیدار شہری ترقی کے فروغ اور پاکستان میں ہاؤسنگ کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور قریبی اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

