آر ڈی اے اور ایم سی آر کے مابین آر ڈی اے کی اراضی پر تعمیر شدہ دکانوں سے متعلق زیر التواء مسائل کے حل کے لیے اجلاس۔

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے کی ملکیتی اراضی پر تعمیر شدہ دکانوں، جو اس وقت میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے زیرِ قبضہ ہیں سے متعلق طویل عرصے سے زیر التواء مسائل کے حل کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس سید نظارت علی شاہ نے کی، جس میں آر ڈی اے، ایم سی آر اور واسا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران دکانوں کی ملکیت، قبضے، ریکارڈ میں تضادات اور دیگر انتظامی و تکنیکی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ ٹرمز آف ریفرنس (ToRs) کے تحت تعمیری انداز میں کام کریں، ڈیٹا سے متعلق درپیش مسائل کی نشاندہی کریں اور قابلِ عمل تجاویز کے ساتھ تصدیق شدہ ریکارڈ جمع کروائیں تاکہ معاملے کا خوش اسلوبی اور قانونی حل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے محکموں کے درمیان باہمی رابطے، بروقت اور مستند معلومات کے تبادلے پر زور دیا تاکہ مزید تاخیر سے بچا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریکارڈ کو منظم کیا جائے اور عوامی مفاد میں مسئلے کے حل کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے۔

مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ایسے تنازعات سے بچاؤ، شفافیت، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور سرکاری اثاثوں کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے واضح کوآرڈینیشن میکانزم وضع کیا جائے گا۔ متعلقہ محکمے ملکیت اور قبضے سے متعلق تضادات کے ازالے کے لیے دستیاب ریکارڈ کا مشترکہ جائزہ لیں گے، جبکہ واسا سے مشاورت کے ساتھ متعلقہ دستاویزات کی تصدیق اور اپڈیٹ کی جائے گی تاکہ قوانین کے مطابق فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔