سی سی پی نے فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور کمپنی کو اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ کے حصول کی منظوری دے دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے دائر کردہ مرجر درخواست منظور کرتے ہوئے اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ کے مجوزہ حصول کی منظوری دے دی ہے، اس منظوری کے بعد فوجی سیمنٹ اور کوٹ ادو پاور مشترکہ طور پر اٹک سیمنٹ کا کنٹرول حاصل کر سکیں گے ۔ سی سی پی نے یہ منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت مسابقتی جائزہ مکمل کرنے کے بعد دی۔

تین فروری 2026 کو فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ نے کمیشن کے پاس پری مرجر درخواست جمع کرائی جس کا مقصد فراون انویسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ سے اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ کا حصول تھا۔ یہ مجوزہ حصول 30 جنوری 2026 کے اسکیم آف کمپرو مائز، ارینجمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ اس لین دین کی تکمیل کے بعد فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ کا کنٹرول حاصل کر لیں گی، فراون انویسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ لبنان میں قائم ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری ہولڈنگ کمپنی ہے جو کہ اٹک سیمینٹ کمپنی کی میجارٹی شئرہولڈر ہے۔

سی سی پی کے تجزیے کے مطابق اگرچہ فوجی سیمنٹ اور اٹک سیمنٹ کے درمیان افقی نوعیت کا مسابقتی تعلق موجود ہے، تاہم اس لین دین کے بعد ان کا مجموعی مارکیٹ شیئر غالب پوزیشن کی قانونی طور پر مقررہ حد سے کم رہے گا، جبکہ پاکستان کے سیمنٹ سیکٹر میں دیگر متعدد مضبوط حریف بھی موجود ہیں۔ مجوزہ حصول سے نہ تو کمپٹیشن میں نمایاں کمی واقع ہوگی نہ ہی مارکیٹ کے مسابقتی ڈھانچے پر منفی اثر پڑے گا۔ چنانچہ اس حصول کو کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی متعلقہ دفعات کے مطابق منظور کر لیا گیا ہے.

یہ اجازت صرف کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 11 کے تحت سی سی پی کی جانب سے اس لین دین کے جائزے تک محدود ہے، اور اس کا اطلاق کمیشن، کمپٹیشن اپیلٹ ٹریبونل یا کسی دیگر مجاز فورم میں زیرِ التوا کسی بھی انکوائری یا کارروائی پر نہیں ہوگا، یہ مرجرپاکستان کے سیمنٹ سیکٹر میں جاری سرمایہ کاری کی عکاسی کرتا ہے، جو ملک میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور معاشی نمو کے لیے نہایت اہم ہے۔ سی سی پی منصفانہ مقابلہ سازی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔