اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی)نے 30 اپریل 2025 کو منعقدہ بڈنگ راؤنڈ میں حاصل کیے گئے پانچ نئے ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے پیٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹس پر دستخط کر دیے، ان بلاکس کی دستخطی تقریب وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن)، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ مسابقتی بڈنگ کے بعد ان بلاکس کے عبوری ایوارڈز کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔
تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی تین بلاکس میں بطور آپریٹر فرائض انجام دے گی جبکہ دو بلاکس میں نان آپریٹنگ جوائنٹ وینچر پارٹنر کے طور پر شریک ہوگی۔ او جی ڈی سی بلوچستان کے اضلاع نوشکی، مستونگ، خاران اور قلات پر مشتمل قلات نارتھ بلاک میں 75 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ آپریٹر ہوگی، جبکہ پرائم 25 فیصد حصے کے ساتھ شراکت دار ہوگی، اسی طرح او جی ڈی سی پنجاب کے اضلاع بھکر اور خوشاب پر مشتمل خوئی-ٹو بلاک میں 60 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ آپریٹر ہوگی، جبکہ ماڑی انرجیز لمیٹڈکے پاس باقی 40 فیصد حصہ ہوگا۔ سندھ کے ضلع جامشورو میں واقع نائنگ شریف بلاک میں او جی ڈی سی 80 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ آپریٹر ہوگی جبکہ پرائم 20 فیصد حصے کے ساتھ شریک ہوگی۔
مزید برآں، او جی ڈی سی نے دو اضافی بلاکس میں بطور نان آپریٹر بھی حصہ حاصل کیا ہے، بلوچستان کے ضلع نوشکی میں واقع احمد وال بلاک میں کمپنی کا 40 فیصد ورکنگ انٹرسٹ ہوگا، جبکہ ماڑی انرجیز لمیٹڈ 60 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہوگی۔ قلات ساؤتھ بلاک، جو بلوچستان کے اضلاع قلات، خضدار اور جھل مگسی پر مشتمل ہے، میں او جی ڈی سی نے 30 فیصد حصہ حاصل کیا ہے، جبکہ پاکستان پیٹرلیم لمیٹڈ 40 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہوگی اور باقی 30 فیصد حصہ ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے پاس ہوگا۔
یہ نئے بلاکس او جی ڈی سی کے ہائیڈروکاربن کی تلاش میں تیزی لانے، ملکی توانائی کے تحفظ کو فروغ دینے اور ملک کے سرحدی و کم دریافت شدہ علاقوں میں پائیدار ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔

