جرمنی کی سفیر کی وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )جرمنی کی وفاقی جمہوریہ کی پاکستان میں تعینات سفیر، عزت مآب محترمہ اِنا لیپل نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک سے اسلام آباد میں ملاقات کی ، ملاقات کے دوران سفیرِ جرمنی نے موسمیاتی اقدامات کے فروغ اور صوبوں کے ساتھ مؤثر ہم آہنگی پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے جرمنی اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے مابین جاری تعاون سے متعلق آگاہ کیا، بالخصوص جرمن ترقیاتی ادارے جی آئی زیڈ (GIZ) کے ذریعے جاری مختلف منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ان شعبوں میں موسمیاتی موافقت اور لچک، اخراج میں کمی کی حکمتِ عملی، استعداد کار میں اضافہ، گرین اقدامات اور پائلٹ منصوبوں کی تیاری شامل ہیں، جن کا مقصد پاکستان کے موسمیاتی ردِعمل کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

سفیر نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ زیرِ غور ایک مجوزہ منصوبے CISTA کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ یہ منصوبہ جرمنی کی وفاقی وزارتِ ماحولیات کی جانب سے کمیشن کیا گیا ہے، جس کا مقصد مربوط موسمیاتی خدمات کے قیام اور ڈیٹا مینجمنٹ کے نظام کو مستحکم بنانا ہے تاکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے موسمیاتی ایجنڈے میں جرمنی کے مسلسل تعاون اور شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے CISTA منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی مؤثر تکمیل کے لیے ڈیٹا کے انضمام اور معلومات کے تبادلے پر مبنی مشترکہ ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز پیش کی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تحقیقی پروگراموں کا آغاز، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، اور ڈیٹا شیئرنگ و ادارہ جاتی اشتراک کو مضبوط بنانے کے اقدامات شامل ہیں