ہائر ایجوکیشن کمیشن نے آئی ٹی گریجویٹس کے لیے نیشنل اسکل کمپٹینسی ٹیسٹ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے آئی ٹی گریجویٹس کے لئے نیشنل سکل کمپی ٹینسی ٹیسٹ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جو تعلیمی نتائج کو عالمی ٹیکنالوجی کے شعبے کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے ایک انقلابی قدم ہے۔ ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کے تحت شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاشا (P@SHA) کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے تاکہ ملک کی آئی ٹی افرادی قوت کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق پرکھا جا سکے اور ان کی ملازمت کے حصول کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔یہ ٹیسٹ کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا سائنس جیسے شعبوں کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے طلباء کے لئے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

اس ٹیسٹ میں شرکت بالکل مفت ہے اور کامیاب طلباء کو ایچ ای سی، پی ایس ای بی اور پاشا کی جانب سے مشترکہ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا جس کے ساتھ ساتھ انہیں ایک ایسے نیشنل ٹیلنٹ پول میں شامل کیا جائے گا جہاں مقامی اور عالمی کمپنیاں ان تک رسائی حاصل کر سکیں گی۔ مزید برآں کوالیفائی کرنے والے طلباء کو ایک تعلیمی کریڈٹ دینے کے ساتھ ساتھ انٹرن شپس اور بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز کے لئے بھی ترجیح دی جائے گی۔

تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے طلباء کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں کیونکہ ٹیسٹ کے نتائج یونیورسٹیوں کی قومی رینکنگ اور کارکردگی کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ ٹیسٹ 4 اور 5 اپریل 2026 کو ملک بھر میں بیک وقت کمپیوٹر پر منعقد کیا جائے گا ۔طلباء مزید معلومات یا رجسٹریشن کے لئے اپنی یونیورسٹی کے فوکل پرسن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔