پنجاب حکومت نے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کے آخری مراحل میں قدم رکھ دیا، شہریوں کو 25 ارب روپے سے زائد فراہم

لاہور(بیورو رپورٹ )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ پنجاب حکومت اضلاع میں 30 لاکھ امدادی رقم کے کارڈ تقسیم کر چکی ہے،اب تک 28 لاکھ 2 ہزار سے زیادہ کارڈ شہریوں میں تقسیم ہو چکے ہیں،پنجاب حکومت 95 فیصد اپنا ہدف حاصل کر چکی ہے اوراب تک 90 فیصد سے زائد شہری رمضان کارڈ کے ذریعے رقم حاصل کر چکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزیدکہاکہ مجموعی طور پر شہریوں کو 25.29 ملین سے زیادہ رقم فراہم کی جا چکی ہے،پنجاب بھر میں 422 ’’مریم کے مہمان دسترخوان‘‘ پر روزانہ لاکھوں افراد افطاری کر رہے ہیں،دسترخوانوں میں کھانے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی کا عملہ دسترخوانوں اور پکوان مراکز پر تعینات ہے عظمیٰ بخاری نے کہاکہ مریم نواز نے وسیع پیمانے پر عوامی افطاری کے دسترخوان قائم کرکے مثال قائم کی ہے،پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر ہر شہری کی دہلیز پر رمضان نگہبان کارڈ پہنچائے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہاکہ مریم نواز سے مقابلے کرنے والوں کے صوبے میں رمضان پیکج کس کو ملا کہاں تقسیم ہوا کسی کو کچھ پتہ نہیں؟.