وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلاموفوبیا کی مذمت کی، اتحاد اور عالمی کوششوں کا عندیہ دیا

لاہور(بیورو رپورٹ )وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ اسلامو فوبیا قابل مذمت ہے ،اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسلامو فوبیا ہی ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہو رہے ہیں مریم نوازشریف نے کہا کہ اسلام پُر امن دین ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں،اسلام ہی وہ دین ہے جس نے بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی ،اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لئے اقدار کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیئے،اسلامی اقدار پر عمل اور ہمارا انفرادی طرز عمل اسلامو فوبیا کو مات دینے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے مریم نواز نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر ہمیں بردباری برداشت اور تحمل کاعہد کرنا ہے،عالمی سطح پراسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔