لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس میں جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور اور صحافیوں کے مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور کے کمرشل ایریا کی نیلامی کا فیصلہ بھی کیا گیا ، ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی آرکیٹیکچرل ٹیم سائٹ کا دورہ کرے گی اور ترقیاتی تجاویز تیار کرے گی، جبکہ نیلامی کا عمل پی جے ایچ ایف کی جانب سے ایل ڈی اے کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایل ڈی اے، واسا اور پی ایچ اے کی لاہور پریس کلب ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق ترقیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، ایم ڈی واسا غفران علی، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، عدنان رشید اور اسد حسین بھی شریک ہوئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی کام شفافیت اور معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحافی برادری کو باعزت، محفوظ اور جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایل ڈی اے شفاف پالیسی تیار کرے گی تاکہ وسائل کا بہتر اور منصفانہ استعمال ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینال پر نئے برج کی تعمیر کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا اور واسا تمام نامکمل پانی کے لنک سسٹمز کو فعال کرے گا وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافی برادری کو جدید اور معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

