ہم 1973ء کے آئین کے محافظ ہیں، آئینی ترامیم سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہوگا .راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اورسابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ آئینی ترامیم سے پاکستان کا دفاع مربوط اورمضبوط ہوگا،9مئی جن لوگوں نے کیا وہ پاکستانیوں اورشہیدوں کے ورثاء کا سامنا نہیں کرسکتے، جمہوریت اورآئین کیلئے جان قربان کرنے والی شہیدبے نظیربھٹوکامقابلہ جیل میں اے سی اورکھانوں کا مطالبہ کرنے والے سے نہیں کیاجاسکتا۔

پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اسدقیصر کے نکات کا جواب دیتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ صدرمملکت کے پاس انتظامی اختیارات نہیں ہوتے ، یہ ملک کا سب سے بڑا عہدہ ہے،اس لئے انہیں استثنیٰ دینے میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔ماضی میں صدر آصف علی زرداری کوکئی سالوں تک جیلوں میں رکھا گیا، انہوں نے جرات اوربہادری سے جیل کا ٹی، انہوں نے ایک دن بھی یہ نہیں کہا کہ ان سے کسی کوملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی،صدرزرداری کے بدترین مخالف بھی انہیں مردحر اوربہادرآدمی قراردے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئینی ترامیم سے پاکستان کا دفاع مربوط اورمضبوط ہوگا، فوج مضبوط ہوگی توملک کا دفاع مضبوط ہوگا، ہم دفاع پاکستان کومضبوط بنانے والے ہیں، ہم شہیدوں کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہیں اوران پرفخر کرنے والے ہیں، مخالفین 9مئی والے ہیں ان لوگوں نے ہمارے شہیدوں کی بے عزتی کی اورملک کورسواکرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے برعکس ہمارے شیردل کمانڈرفیلڈمارشل عاصم منیر نے ہندوستان کومنہ توڑجواب دیا، کیا ایسے کمانڈرکی عزت نہیں کرنی چاہئے اورکیا ان پرفخرنہیں کرناچاہئے،9مئی جن لوگوں نے کیا وہ پاکستانیوں اورشہیدوں کے ورثاء کا کا سامنا نہیں کرسکتے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہم 1973ء کے آئین کے محافظ ہیں، ہم اسے اصلی شکل دے رہے ہیں،بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں پی پی پی نے ایک ایک شق اورنکتہ پرغورکیاہے، ماضی میں جس طرح کی قانون سازی ہوتی رہی وہ پوری قوم کے سامنے ہے۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں ریاست کے سربراہ کوامیونٹی حاصل ہوتی ہے،3اپریل 2022ء کواس کرسی پربیٹھے ڈپٹی سپیکرنے آئین کوتوڑا تھا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ اس وقت آئین شکنی ہوئی تھی،انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری سے اس وقت مقابلہ ہوگا جب یہ بھی 12سال جیل میں گزارے۔عوام کوبھی ان کا پتہ چل گیاہے،ایک کروڑنوکریاں اور50لاکھ گھرکہاں ہیں،فرح گوگی سمیت کرپشن کی داستانیں ہیں، ان لوگوں نے پورے ملک کورسواکردیاتھا، یہ جمہوریت، پاکستان کے دفاع کے دشمن لوگ ہیں، یہ لوگ وہی بولی بولتے ہیں جوہندوستان پاکستان کے بارے میں بولتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فوج کے خلاف باتیں کرنے والے لوگوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔گالی اوربدتمیزی کا جواب ملے گا، کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ اس ہائوس کوخراب کرکے اپنی من مانی کرسکتے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹو نے آئین اورقانون کیلئے اپنی جان قربان کی، ان کا مقابلہ ایک ایسے شخص سے کیاجارہاہے جوجیل میں اے سی اورکھانے مانگ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کوشورشرابہ کرنے کیلئے لایاگیاہے ان کوقانون سازی کا علم بھی نہیں ہے، 25کروڑعوام کی دانش گاہ میں یہ لوگ شورکرکے مقدس ایوان کی توہین کررہے ہیں، یہ لوگ نہیں چاہتے کہ ان کا لیڈرجیل سے باہرآجائے۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کوجوکچھ ہوااس پرپوری قوم رنجیدہ ہے، ان لوگوں نے شہداء کے مجسموں کی بیحرمتی کی ہے، ان لوگوں کوقرارواقعی اورمثالی سزاملنی چاہئے تاکہ مستقبل میں کوئی شہیدوں اورغازیوں کے خلاف بات کرنے کی جرات نہ کرسکے۔