گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ اور گجرات کی جانب سے کی گئی۔
گرفتار ملزمان میں محمد اشرف، عارف حسین، سیف اللہ اور ربنواز شامل ہیں، جنہیں منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزم محمد اشرف نے شہری کو اٹلی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 22 لاکھ روپے وصول کیے۔ اشتہاری ملزم عارف حسین نے شہری سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 4 لاکھ روپے ہتھیائے، جبکہ اس کا تعلق 14 سال سے ایف آئی اے کی مطلوب فہرست سے ہے اور اس پر سال 2011 میں مقدمہ درج تھا۔
مزید برآں، سیف اللہ نے شہری سے بیرون ملک بھیجنے کے نام پر 8 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے جبکہ ربنواز نے اٹلی بھیجنے کے جھانسے میں متاثرہ سے 10 لاکھ روپے بٹورے۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

