ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی گورنمنٹ ملیہ سکول میں شجر کاری مہم،ایم پی اے شازیہ رضوان کی شرکت

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کی مناسبت سے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں شجر کاری مہم زور و شور سے جاری ہے،اس سلسلے میں گورنمنٹ ملیہ سکول راولپنڈی میں ایک شجر کاری تقریب کا انعقاد کیا گیا،رکن صوبائی اسمبلی شازیہ رضوان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور پودے لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔شجرکاری مہم کے دوران سینکڑوں پودے لگائے گئے .

گورنمنٹ ملیہ سکول کے بچوں اور ہارٹیکلچر ایجنسی کے اہلکاروں نے بھی پودے لگا کر مہم میں بھرپور حصہ لیا اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی شازیہ رضوان نے کہا کہ حکومت پنجاب موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک اور بچاو کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے،درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں،شجر کاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی،انہوں نے کہا کہ ماحولیات کو صحت مند بنانے کے لئے درخت لگانے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے شہر کو آلودگی سے پاک اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لئے شجر کاری کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا،انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی شجرکاری مہم کی تعریف کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سر سبز راولپنڈی کے مشن کو آگے بڑھائیں.

ملیہ سکول کے بچوں نے ایچ اے راولپنڈی کے کلین اینڈ گرین مشن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،اساتذہ کا کہنا تھا کہ بچوں کو جس احسن انداز میں اس صحت مندانہ سرگرمی میں شامل کیا گیا ہے یہ مثبت اقدام ہے اور شجر کاری کے شہر کے موسم پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،سکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے سکول سمیت گھروں، گلی اور محلوں میں شجرکاری مہم میں حصہ لینے کا عزم کیا.