پشاور(بیورو رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سکند رخان کی قیادت میں چارسدہ چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق اس موقع پر سابق سپیکر صوبائی اسمبلی کرامت اللہ خان چغرمٹی، ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر بھی موجود تھے ۔ وفد نے چارسدہ کے کاروباری طبقے کو واپڈا، محکمہ گیس اور دیگر درپیش مسائل، تجارتی سرگرمیوں میں درپیش رکاوٹوں اور مقامی صنعتوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیل سے آگاہ کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جدید تقاضوں سے فنی مہارتوں کو ہم آہنگ کرنے سے معاشی ترقی کے بہترین نتائج مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹک ملک بھر میں اس حوالہ سے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ خیبر پختونخوا کی تاجر برادری کو فنی مہارتوں کے حوالہ سے نیوٹک سے رابطہ کاری کرنے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وفد کی چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد سے ملاقات کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہلال احمر خیبرپختونخوا اور چارسدہ چیمبر متحد ہوکر فلاحی سرگرمیوں میں مزید تیزی لا سکتے ہیں۔
ملاقات میں کاروباری برادری کی سہولت کاری، صنعتوں کی بحالی و توسیع، انفراسٹرکچر سے جڑے چیلنجز اور مالی معاونت تک رسائی جیسے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفد نے گورنر کو بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معاشی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں تاہم انہیں مخصوص انتظامی اور عملی مشکلات کا سامنا ہے جن کے حل کے لیے صوبائی سطح پر مربوط حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔ گورنر نے وفد کو اس حوالہ سے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

