اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل سےآل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائیز کنفیڈریشن (ایپنک) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ایپنک وفد نے وفاقی سیکرٹری کو ملک بھر کے اخباری و الیکٹرانک میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل، طویل عرصے سے التوا کا شکار بقایا جات، ہیلتھ انشورنس اسکیم، جرنلسٹس و میڈیا ورکرز پروفیشنلز پروٹیکشن کمیشن کےممبران ،ملازمین کی سروس اسٹرکچر اور میڈیا ہاؤسز میں نجی کمپنیوں کے ذریعے بھرتیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ایپنک وفد کی قیادت مرکزی چئیرمین محمد صدیق کر رہے تھے جبکہ وفد میں کلیم شمیم ،محمد شیراز ، صوبیہ خان اور عمران اشرف شامل تھے۔وفد نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی اجرتوں میں اضافہ، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور یونین سازی کے بنیادی حقوق کی بحالی موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل نے ایپنک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات، صحافتی برادری اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں جانب سے رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

