اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت سینٹر کا دورہ، وفاقی وزیر آئی ٹی نے ڈیجیٹل خدمات کی تعریف کی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد کے سیکٹر G-9 میں تعمیر ہونے والے پاکستان آسان خدمت سینٹر کا دورہ کیا۔ یہ سینٹر آذربائیجان اور پاکستان کے باہمی اشتراک سے قائم کیا جا رہا ہے اور اس وقت تکمیل کے قریب ہے ، وزیر نے بتایا کہ یہ مرکز وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے مطابق بین الاقوامی معیار کی شہری خدمات فراہم کرے گا۔ انہیں شہری مرکوز سروس ڈلیوری، انٹیگریٹڈ عوامی خدمات اور ٹیکنالوجی پر مبنی فیسلیٹیشن ماڈل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر آئی ٹی نے بطور صارف سسٹم سے سروس حاصل کر کے عوامی سہولیات کے معیار کا عملی جائزہ بھی لیا اور ڈیجیٹل نظام پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ، شزا فاطمہ نے کہا کہ یہ مرکز عوام اور حکومت کے درمیان براہِ راست رابطے کو مؤثر، آسان اور شفاف بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس سینٹر میں 80 سے زائد سرکاری خدمات عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے میسر ہوں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ڈیجیٹل گورننس ماڈل کو مضبوط بنانے کے لیے ایسے فیسلیٹیشن سینٹرز کلیدی کردار ادا کریں گے۔ یہ منصوبہ عوامی خدمت، ڈیجیٹل اصلاحات اور جدید حکومتی سروس ڈیلیوری کے نئے دور کی بنیاد رکھ رہا ہے۔